اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پٹرول پمپس کی ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپس 9 روپے کا اضافہ کروانا چاہتے ہیں، چند کمپنیوں کو نوازنے کے لیے 9 روپے کا اضافہ نہیں کیا جا سکتا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہرنے اپنے بیان میں کہا کہ جائز مطالبات مانیں گے، ناجائز مطالبات تسلیم نہیں کریں گے، عوام کو پریشان کرنا درست نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبہ پر مارجن میں اضافے کی سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کر دی گئی ہے، آئندہ اجلاس میں اس کا فیصلہ ہو جائے گا لیکن جائز مطالبہ تسلیم کیا جائے گا۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پٹرول پمپ مالکان کی مشکلات کا احساس ہے، پٹرول پمپ مالکان بھی عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔