لاہور:مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے الیکشن کمیشن سے ڈسکہ انتخابات میں دھاندلی کرانے والے ذمے داروں کو بے نقاب کرنے کیلیے خط لکھ دیا۔
اپنے خط میں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے لکھا کہ این اے 75 سیالکوٹ ضمنی الیکشن سے متعلق رپورٹس جاری ہوچکی ہیں، پریذائیڈنگ افسران، انتخابی عملہ، ڈی سی اور ڈی پی او سیالکوٹ مس کنڈکٹ کے مرتکب پائے گئے، ملوث افراد نے نتائج کو حکومت کے حق میں موڑنے کے لیے انتخابی عمل پامال کیا۔
شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ الیکشن چوری میں ملوث عملے کے خلاف کارروائی کی جائے ،انتخابی دھاندلی کرانے والے وفاقی اور صوبائی حکومت کے ذمہ داروں کو بے نقاب کیاجائے ، ڈسکہ الیکشن کےملوث پائے گئے افسران وعملہ کے خلاف عدالت میں شکایات دائر کی جائیں ۔
خط میں کہا گیا کہ سیکشن 184، 186اور187 کے تحت ذمے داروں کے خلاف سزا کا عمل شروع کیاجائے ،سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ایکٹ، رولز، ضابطہ اخلاق، طریقہ کار میں ترامیم کی جائیں۔