اظہرعلی 24 اور بابراعظم 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔فائل فوٹو
 اظہرعلی 24 اور بابراعظم 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔فائل فوٹو

 چٹاگانگ ٹیسٹ پاکستان نے 8 وکٹ سے جیت لیا

چٹاگانگ ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹ سے شکست دیدی۔

پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریزکا پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ کے ظہوراحمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ کھیل کے پانچویں اورآخری دن پاکستان نے بغیرکسی نقصان کے 109 رنز سے کھیل کا آغاز کیا۔ اوپنرعابد علی 91 اورعبداللہ شفیق 73 رنز بناکرآؤٹ ہوگئے۔ اظہرعلی 24 اور بابراعظم 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کھیل کے چوتھے روز دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 157 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی پاکستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں قومی ٹیم نے پراعتماد آغازکیا اوردن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 109 رنز بنالیے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا اور5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ساجد خان نے 3 اور حسن علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

گزشتہ روز کھیل کے تیسرے دن پاکستان نے اننگز کا آغاز بغیر کسی نقصان کے 145 رنز سے شروع کیا تو 52 رنز پر عبداللہ شفیق پویلین لوٹ گئے جب کہ سنچری اسکورکرنے والے عابدعلی نے شاندار 133 رنز کی اننگز کھیلی اور آؤٹ ہوگئے، دونوں اوپنرز کے بعد پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا اور پوری ٹیم 286 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

بنگلہ دیش نے دوسری اننگز کا آغازکیا تو ابتدائی 4 کھلاڑی صرف 39 رنز پر پویلین لوٹ گئے تاہم دن کے اختتام پر بنگلہ دیش نے پاکستان پر 93 رنزکی سبقت حاصل کرلی تھی۔

گزشتہ روزکھیل کے دوسرے روز بنگلا دیش کی ٹیم اسکور میں صرف 77 رنز کا ہی اضافہ کرسکی اور 330 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی تھی جب کہ پاکستان نے بغیرکسی نقصان کے کھیل کے اختتام پر145 رنز بنالیے تھے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے عمدہ پرفارمنس دکھاتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ آفریدی اورفہیم اشرف نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

کھیل کے پہلے دن بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو صرف 49 رنز پر4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تاہم بعد میں لٹن داس اور مشفق الرحیم کی 206 رنز کی شراکت نے بنگلادیش کو مستحکم پوزیشن میں لاکھڑا کیا، دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنائے تھے۔