نیویارک:اقوام متحدہ نے ادارے میں افغانستان کی نمائندگی کرنے پر پابندی عائد کر دی ، اپنے فیصلے میں اقوام متحدہ کی جانب سے کہا گیا کہ عالمی ادارے میں افغانستان کی نمائندگی کوئی نہیں کرے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اقوام متحدہ کی کمیٹی کی جانب سے کہا گیا کہ طالبان کو اقوام متحدہ میں افغانستان کی نمائندگی کی اجازت نہیں ، کمیٹی نے میانمار کے فوجی حکمرانوں کو بھی اپنے ملک کی نمائندگی کی اجازت دینے سے صاف انکارکر دیا ۔
دوسری جانب ورلڈ بینک نے افغانستان کے منجمد فنڈز دو امدادی تنظیموں کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی ۔ عالمی ادارہ خوراک اور عالمی ادارہ برائے اطفال کو 280 ملین ڈالرز منتقل کیے جائیں گے ۔
ادھرطالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان کونشست نہ دینا غیرمنصفانہ قرار دے دیا۔
ترجمان طالبان حکومت سہیل شاہین نے بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی کا افغانستان کوجنرل اسمبلی میں نشست نہ دینا غیرمنصفانہ اورغیراصولی فیصلہ ہے۔اس فیصلے سے افغان عوام کوان کے قانونی حق سے محروم کردیا گیا۔
سہیل شاہین کا مزید کہنا تھا کہ توقع ہے مستقبل قریب میں یہ حق اقوام متحدہ میں افغان حکومت کے نمائندوں کے حوالے کردیا جائیگا جس سے افغان عوام کے مسائل کوموثرطریقے سے حل کرنے میں مدد ملے گی اورعالمی برادری سے مثبت رابطے ہوں گے۔