محمد رضوان نے اعزاز پر کہا کہ یہ ایوارڈ اپنے ملک کے نام کرتا ہوں ۔فائل فوٹو
محمد رضوان نے اعزاز پر کہا کہ یہ ایوارڈ اپنے ملک کے نام کرتا ہوں ۔فائل فوٹو

 تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹ سے شکست

کراچی:پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 3 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 20 اوورز میں 207 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے مجموعی طور پر 14 چوکے اور 12 چھکے لگائے، برینڈن کنگ نے 43، بروکس نے 49 اور کپتان نکولس پوراننے 64 رنز بنائے۔ محمد وسیم نے 2 جبکہ شاہنواز دھانی نے 1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے بیٹنگ کی تو ویسٹ انڈیز ٹیم کا دیا گیا 208 رنز کا ہدف 18.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر محمد رضوان نے 87 اور بابر اعظم نے 79 رنز بنا کرٹیم کو فتح دلانے میں مرکزی کردار ادا کیا۔ فخر زمان نے 12 اورآصف علی نے 21 رنز بنائے۔وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان مین آف دی میچ اور مین آف  دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔

مین آف دی میچ اور مین آف  دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 کرکٹ میں 200 کافی سکور ہوتا ہے،ہم نے پاور پلے میں سب سے زیادہ رنز بنانے کی پلاننگ کی تھی جس میں کامیابی ملی۔میں پورے سال کی نہیں ہر میچ کی پلاننگ کرتا ہوں اور اپنی بیٹنگ کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہوں۔

ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی جگہ شاہنواز دھانی اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔