وزیر اعظم نے بلدیاتی انتخابات کیلیے سپریم کمیٹی قائم کر دی

اسلام آباد:پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کیلیے وزیر اعظم نے 21 رکنی سپریم کمیٹی قائم کردی جس کا پہلا اجلاس آج ہوگا۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم آج اجلاس کی صدارت کرینگے، اجلاس میں خیبرپختونخوا اورپنجاب کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق سیاسی لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ اورگورنر پنجاب ، صوبائی وزیر میاں محمود الرشید ،سینیٹر سیف اللہ نیازی ، عامرکیانی ، وفاقی وزیر فواد چودھری ، حماد اظہر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان ،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک ، مراد سعید و دیگر شرکت کریں گے ۔

اجلاس میں پنجاب میں مرحلے میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پرمیٹروپولیٹن کیلیے امیدواروں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ لاہور، فیصل آباد ، راولپنڈی اورگوجرانوالہ کیلیے میئرز کے پارٹی امیدواروں پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی ۔