امریکی ریاست کولوراڈو میں بندوق بردار ملزم نے مختلف عوامی مقامات پرفائرنگ کرکے 4 افراد کو ہلاک اور پولیس اہلکار سمیت 3 کو زخمی کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کولوراڈو کے متعدد مقامات پر مسلح شخص نے راہگیروں کو پر فائرنگ کردی جبکہ پولیس کے روکنے پر بندوق بردار ملزم نے اہلکاروں پر گولی چلا دی جس میں ایک پولیس افسر شدید زخمی ہوگیا۔
ترجمان پولیس نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ یہ واقعات شام 5 بجے کے قریب شروع ہوئے اورڈینور اور لیک ووڈ کے شہروں میں کم ازکم چار مختلف مقامات پر رونما ہوئے۔
مسلح شخص نے سب سے پہلے ڈینور میں راہگیروں پر فائرنگ کی جس میں دو خواتین ہلاک اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ تھوڑی دور جاکر ملزم نے پھر ایک شخص کو گولی مار کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق اس کے بعد بندوق بردار شخص لیک ووڈ گیا جہاں اس نے ایک اور شخص کو گولی مار کر قتل کر دیا جب کہ فائرنگ میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ان حملوں سے متعلق معلومات کی بنیاد پر افسران شوٹر کو شناخت کرنے میں کامیاب ہو گئے جس کے بعد پولیس سےمقابلے کے دوران مسلح شخص مارا گیا جب کہ ایک پولیس افسر شدید زخمی ہوگیا۔