محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج رات سے شہرِ قائد میں بارشوں کا امکان ہے۔
کراچی کا موجودہ درجۂ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ یہاں10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 49 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کراچی میں آج سے شروع ہونے والی بارش کے دوران اولے پڑنے کا امکان 20 سے 30 فیصد ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ موسم سرد ہو تو آبی بخارات جم کر اولے بن جاتے ہیں، شہر میں آخری بار اولے 18 دسمبر 2017ء کو پڑے تھے۔پی ڈی ایم اے سندھ نے آج 4 جنوری کی رات سے 7 جنوری کے دوران بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے سندھ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق 4 جنوری سے 7 جنوری کے دوران کراچی، سکھر، شہید بے نظیر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، میر پور خاص، دادو، بدین، ٹنڈو الہٰیار، ٹنڈو محمد خان، سانگھڑ، جیکب آباد، شکار پور، تھر پارکر، قمبر شہد اد کوٹ اورعمر کوٹ میں تیز ہواؤں اور طوفان کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے ممکنہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو اس دوران الرٹ رہنے اور ضروری اقدام کرنے کی ہدایت کردی۔