اسلام آباد:وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ شاہ رخ جتوئی کو ہسپتال منتقل کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی، کل ہی اس کا پتہ چلا ہے۔ ان کاکہناتھاکہ ہم یہ نہیں کہتے کہ ہم بہت اچھا کام کررہے ہیں اور انتظامیہ نے بڑا اچھا کام کیا ہے، ہم اپنی غلطی کو درست کرتے ہیں کہ میڈیا ہماری غلطیاں دکھاتا ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کے دور میں آٹا چینی،ادویات پٹرولیم گیس کے اسکینڈلز آئے، ابھی تو ایک ایل این جی اسکینڈل آرہاہے، فارن فنڈنگ میں معلوم چل گیا کہ حکومت کو کون کون فنڈز دیتا تھا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اپنی نااہلی کا الزام دوسروں پر لگادیتی ہے، آٹا چینی یوریا کھاد بحران کا الزام سندھ حکومت پر لگادیا گیا، مری میں لوگ اپنے خاندانوں سمیت ٹھٹھرکرمرگئے، اسلام آباد سے ایک گھنٹے کی مسافت پر سانحہ مری رونما ہوا، سانحے کے ردعمل کو سب نے بخوبی دیکھ لیا۔
وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ شاہ رخ جتوئی سمیت جس کو بھی انتظامیہ کے بندے نے مدد فراہم کی، اسکے خلاف کارروائی ہوگی، مجھے کل اس کا پتہ چلا،اسلام آباد سے واپس جاکر پوری انکوائری کرینگے۔