کابل :افغانستان میں زلزلے سے تباہی مچ گئی۔ افغان حکام کے مطابق پیر کو زلزلہ صوبہ بادغیس میں آیا، جس کے نتیجے میں آخری اطلاعات تک 26 افراد جاں بحق ہو گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی جس سے دار الحکومت قلعہ نو بھی لرز اٹھا۔ مختلف اضلاع میں مکانات کی چھتیں گرنے سے لوگ ملبے تلے دب گئے۔ جبکہ کئی مقامات پر مساجد کو بھی نقصان پہنچا۔ جھٹکوں سے ضلع قادیس زیادہ متاثر ہوا۔بادروک، خاک پلک، بند سفید،سلطانھا،قربہ ارب،قالی چرخ، زرہ غونڈی،گلچین کے علاقوں میں اموات ہوئیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات باز محمد سروری کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین اور 4 بچے شامل ہیں۔ جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ضلع نور آباد میں بڑی تعداد میں مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
دریں اثناطالبان کے ترجمان و افغانستان کےنائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی افرادی قوت افغانستان بھیجنے کی پیشکش پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ بی بی سی کو انٹرویو میں ذبیح اللہ مجاہد نے افرادی قوت سے متعلق پاکستانی پیشکش کا شکریہ اداکیا اور کہاکہ افغانستان میں ماہراورتعلیم یافتہ افرادکی کافی تعداد ہے لہٰذا ہمیں بیرونی افرادی قوت کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر بیرونی ممالک سے درخواست کرسکتے ہیں لیکن افغانستان تعلیم یافتہ نوجوانوں کے معاملے میں خودکفیل ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھاکہ افرادی قوت کے حوالے سے کئی ممالک نے افغانستان کو تجاویز دی ہیں لیکن ہم اقتصادی، تجارتی اور مالیاتی شعبوں میں تعاون کو قبول کریں گے۔ان کا کہنا تھاکہ ملک میں بینکنگ کے کچھ مسائل ہیں جن میں مدد کی ضرورت ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان پر اپیکس کمیٹی نے عزم کا اظہار کیا تھا کہ پاکستان ضرورت کی اس گھڑی میں افغان عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔
وزیراعظم نے کہا تھاکہ پاکستان افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے کیلئے تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ افرادی قوت افغانستان بھیجی جائے۔ علاوہ ازیں افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان کے ایک اور اہم کمانڈر اسلم فاروقی کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں، اسے نامعلوم افراد نے موت کے گھاٹ اتار ا، تاہم کالعدم ٹی ٹی پی نے اس کی تصدیق نہیں کی۔