پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو43 رنز سے پچھاڑ دیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 230 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 186 پرڈھیر ہو گئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پانچ وکٹیں حاصل کیں،اس سے پہلے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزنے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کالن منرونے 71، اعظم خان نے 65 اور پال اسٹرلنگ نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔اسلام آباد نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے جو اس سیزن کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے 230 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی جانب سے بیٹنگ کا آغاز احسان علی اورعبدالبنگلزئی نے کیا، دونوں اوپنرز نے ذمہ دارانہ انداز سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 54 تک پہنچایا تو عبدالبنگلزئی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، جیمز ونز 55 کے مجموعی اسکور پرآؤٹ ہوئے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی احسان علی تھے جو 50 رنز بنا کر 71 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد بین ڈکٹ 85، افتحار احمد 96 اور سرفراز احمد 97 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔ گلیڈی ایٹرز کے ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی شاہد آفریدی تھے جو شاداب خان کی گیند پر صرف چار رنز بنا کر پویلین روانہ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان نے چار اوورز میں 28 رنز دے کر پانچ کھلاڑیوں کو شکار بنایا، جن میں احسان علی، سرفراز احمد، بین ڈکٹ، افتخار احمد، شاہد آفریدی شامل ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے آخری تین کھلاڑی 186 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، جن میں محمد نواز 47 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔