راولپنڈی:سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا ہے، کارروائی میں 20 دہشتگرد مارے گئے جبکہ پاک فوج کے 9 جوان شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشت گردوں نے 2 فروری کو سیکیورٹی فورسز کے پنجگور، نوشکی کیمپوں پر حملہ کیا تھا، سیکیورٹی فورسزنے فوری جواب دیتے ہوئے دونوں مقامات پر دہشت گرد حملے ناکام بنائے۔
آئی ایس پی آرکے بیان کے مطابق نوشکی میں نو دہشت گرد مارے گئے،ایک افسر سمیت چار جوان شہید ہوئے۔ پنجگور میں سکیورٹی فورسز نے 4 حملہ آور دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ چار کو گھیرے میں لیا گیا تھا، کلیئرنس آپریشن کے دوران گھیرے میں لیے گئے 4 دہشت گردوں کو بھی آج جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ پنجگور آپریشن میں 5 جوان شہید ہوئے ، 6 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 72 گھنٹوں کے دوران ان آپریشنز میں افسر سمیت 9 جوان شہید ہوئے جبکہ چھ زخمی ہوئے، ان حملوں میں ملوث 3 دہشت گرد گذشتہ روز ہلاک کئے گئے جن میں دو ہائی ویلیو ٹارگٹ بھی شامل تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نوشکی، پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ کلیئرنس آپریشنزکے دوران مجموعی طور پر 20 دہشت گرد مارے گئے۔ سیکیورٹی فورسز ہر قیمت پر دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ہرقیمت پراپنی سرزمین سےدہشگردوں کاخاتمہ یقینی بنائیں گے۔