کراچی:گلشن اقبال میں نامعلوم ملزمان کی جانب سے اے ٹی ایم مشین ٹرک میں ڈال کرلے جانے کی کوشش پولیس نے ناکام بنادی ۔
پولیس کے بروقت پہنچنے پراے ٹی ایم مشین اکھاڑکرلے جانے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ گزشتہ رات گلشن اقبال کے علاقے بلاک 3 میں ڈسکو بیکری کے قریب ایک بینک کے اے ٹی ایم بوتھ میں مشکوک افراد کی اطلاع پولیس ہیلپ لائن مددگار ون فائیو پر موصول ہوئی، اطلاع ملتے ہی پولیس موبائل موقع پر روانہ ہوگئی، پولیس کے پہنچنے پر ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موقع سے اے ٹی ایم مشین بوتھ کے باہر دیکھی گئی جبکہ ایک شہزور ٹرک بھی وہاں موجود تھا، ملزمان نے اے ٹی ایم مشین بوتھ سے نکال کر شہزور ٹرک میں ڈال کرلے جانے کی کوشش کی لیکن پولیس کے بروقت پہنچنے پر واردات ناکام ہوگئی، پولیس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرکے مزید تحقیقات کررہی ہے۔