اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ ڈاکوؤں کا گلدستہ اور چوروں کا ٹولہ ہے، یہ جتنی کوشش اور پلاننگ کرلیں میں تیار ہوں طاقتور کہتا ہے کہ اگر میری بلیک میلنگ میں نہ آئے تو حکومت گرا دوں گا ، یاد رکھیں میں جب تک زندہ ہوں کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔
فاطمہ جناح یونیورسٹی میں عالمی یوم نسواں کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جب تک طاقتور قانون کے نیچے نہیں آ جاتا، معاشرہ بہتر نہیں ہو سکتا۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں وزیر داخلہ شیخ رشید کو مخاطب کر کے مخالفین کو چیلنج کیا کہ شیخ صاحب یاد رکھیں! کپتان جب میچ کھیلتا ہے تو وہ اپنے مخالف کی ہر چیز کیلیے تیار ہوتا ہے، کپتان مخالف ٹیم کی ہر حکمت عملی پر نظر رکھتا ہے، کپتان تیار رہتا ہے کہ مخالف ٹاس جیتے گا تو کیا کروں گا، مخالف وکٹ تیز بنائے گا تو میں کونسی بولنگ کھلاؤں گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میرے مخالف، چوروں کا ٹولہ، ڈاکوؤں کا پلندہ جو بھی کرلے میں تیار ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کا المیہ ہے، مشرف جیسے فوجی آمر نے ان کے آگے گھٹنے ٹیک دیے تھے، آپ کے سامنے جو آدمی کھڑا ہے وہ این آر او نہیں دے گا،جب تک زندہ ہوں این آر او نہیں دوں گا، جہاد کروں گا۔