اسلام آباد:اپوزیشن نے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور قومی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن قومی اسمبلی سیکریٹریٹ جمع کرادی گئی ۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ آنے والے رہنماؤں میں مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ، پیپلز پارٹی کی جانب سے شازیہ مری، نوید قمر جب کہ جے یو آئی کی جانب سے شاہدہ اختر علی اور عالیہ کامران شامل ہیں،تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کے 86 اراکین کے دستخط موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے 197 سے 202 ارکانِ قومی اسمبلی ساتھ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے 161 ممبران ہیں، اپوزیشن نے تحریکِ انصاف کے 28 اور 1 اتحادی پارٹی کی حمایت کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریکِ انصاف کے 28 ممبران کے نام وزیر ِاعظم عمران خان کے علم میں ہیں، ن لیگ کی جانب سے تحریکِ انصاف کے 16 ارکانِ قومی اسمبلی کے ساتھ ہونے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے تحریکِ انصاف کے 4 اور جے یو آئی کا 2 ارکانِ قومی اسمبلی کے ساتھ ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ تحریکِ انصاف کے مزید 6 ارکانِ قومی اسمبلی ن لیگ سے رابطے میں ہیں۔
قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی صدارت میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں لیگی ارکان نے تحریک عدم اعتماد لانے کی قرارداد پر دستخط کیے۔
دریں اثنا اجلاس میں مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کے ڈی چوک جلسے میں وفد بھجوانے کا بھی فیصلہ کیا، وفد میں احسن اقبال، خواجہ آصف اور مریم اورنگزیب شامل ہوں گے جو جلسے میں شرکت کریں گے۔