پرویز الہٰی کا چہرہ دیکھنے والا تھا جیسے کوئی لٹ گیا ہو،فائل فوٹو
پرویز الہٰی کا چہرہ دیکھنے والا تھا جیسے کوئی لٹ گیا ہو،فائل فوٹو

ممکن ہے نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل ہی انتخابات کروا دیے جائیں۔خواجہ آصف

اسلام ٓٓباد:وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ممکن ہے نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل ہی انتخابات کروا دیے جائیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ رواں برس پاک فوج کے نئے سربراہ کی تعیناتی سے قبل ہی ملک میں عام انتخابات کا امکان مسترد نہیں کیا جا سکتا، ہو سکتا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی سے پہلے انتخابات کروا دیے جائیں، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ نومبر سے پہلے نگران حکومت آئے جو نومبر سے پہلے چلی جائے اور نئی حکومت بھی آ جائے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیردفاع کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں چاہتے اور وہ خود ہی اس کا اعلان کر چکے ہیں کہ انھیں مدت ملازمت میں توسیع نہیں چاہیے، یہ اعلان خوش آئند ہے، کیونکہ اس سے قیاس آرائیوں کے دروازے بند ہوئے ہیں، جنرل راحیل شریف نے بھی مدت ملازمت میں توسیع کا مطالبہ نہیں کیا تھا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں فوجی سربراہ کی تعیناتی کا طریقہ کار عدلیہ کی طرح ’انسٹی ٹیوشنلائز‘ ہونا چاہیے، کیوں کہ اس میں کوئی قیاس آرائی نہیں ہوتی، ہمیں پتہ ہوتا ہے کہ 2028 میں کس نے چیف جسٹس بننا ہے، میری ذاتی رائے ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے کو سیاسی بحث کا موضوع ہرگز نہیں بنانا چاہیے،  اس کا طریقہ کار 100 فیصد میرٹ پر ہونا چاہئے۔

وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ لندن کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ نوازشریف سے وزیراعظم کی ملاقات کا سیاسی صورتحال سے کوئی تعلق نہیں، یہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا تاہم پہلے موقع نہیں مل سکا، اب موقع مل رہا ہے تو وہ دورے پر لندن گئے ہیں۔