اسلام آباد:سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتی، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپراپنی ٹویٹ میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو چالیس دن پورے ہوگئے بلکہ یوں کہیں ان کاچالیسواں پورا ہوگیا ہے،آج حکومتی اتحادی کہیں گے کہ حکومت مدت پوری کرے گی، یہ تب بھی نہیں کرسکتے، جی کاجانا ٹھہر گیا ہے، مرکزمیں اور پنجاب صوبہ میں صرف ایک ایک ووٹ کی اکثریت ہے، بلوچستان میں عدم اعتماد ہونے جارہی ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 24 گھنٹوں میں 25 ڈپٹی کمشنرزاوراسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرزکو تبدیل کیا گیا ہے، لیکن پھر بھی یہ لوگ عمران خان کے اسلام آباد لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے، میرے سیاسی اندازوں کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں، دو چار دن اور نیچے بھی ہو سکتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ نےعظیم سوموٹو لے کر نیب، ایف آئی ے اوراے این ایف میں ان کے کیسز کے خاتموں کی سازش کو ناکام بنادیا ہے، یہ لوگ اپنے کیسز ختم کرنے آئے تھے، اب ان کو دوبارہ جیلوں کے منہ دیکھنے ہوں گے، یہ اپنے جال میں خود ہی پھنس گئے ہیں، جوکھڈا انہوں نے عمران خان کے لئے کھودا تھا اس میں خود ہی گر گئے ہیں۔