نیویارک:امریکی ریاست ٹیکساس کے ایلیمنٹری اسکول میں ایک 18 سالہ بندوق بردارنے کلاس رومز میں جا کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 19 بچے ہلاک ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بندوق بردارحملہ آور کا نام 18 سالہ سلواڈور راموس بتایا گیا ہے، جسے جائے وقوعہ پر موجود پولیس اہلکاروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
حکام نے بتایا کہ مرنے والوں میں 2 بالغ افراد بھی شامل ہیں، گورنر گریگ ایبٹ نے کہا کہ ان 2 افراد میں ایک استاد بھی شامل ہیں۔روب ایلیمنٹری سکول میں فائرنگ کا یہ تازہ واقعہ، دسمبر 2012 میں نیو ٹاؤن (کنیکٹی کٹ) میں سینڈی ہک ایلیمنٹری میں ایک بندوق بردار کے ہاتھوں 20 بچوں اور6 بالغ افراد کی ہلاکت کے بعد سے امریکی گریڈ اسکول میں ہونے والا سب سے مہلک حملہ ہے۔
امریکی خبررساں ادارے کے مطابق حملے کے کئی گھنٹے بعد بھی اہل خانہ اپنے بچوں کے بارے میں کسی بیان کا انتظار کرتے رہے، شہر کے سوک سینٹر کے باہر خاندانوں کو جمع ہونے کے لیے کہا گیا جہاں ان کی آہ و بکا سنی جاسکتی ہے۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق راموس نے اکیلے ہی اسکول پر حملہ کیا جب کہ اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔پولیس کو اس بات کا بھی شبہ ہے کہ گھر سے نکلنے سے پہلے سلواڈار راموس نے اپنی دادی کو بھی گولی ماری، جو اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت خطرے میں ہے۔
گورنر ٹیکساس گریگ ایبٹ نے ایلیمنٹری اسکول میں فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار بھی کیا۔
اسکول کے ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ ہال ہیرل نے کہا ’آج میرا دل ٹوٹ گیا، اسکول کی تمام سرگرمیاں فی الحال منسوخ کردی گئی ہیں، ہم ایک چھوٹی سی کمیونٹی ہیں اور ہمیں اس تکلیف سے گزرنے کے لیے آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے‘۔