وزیر اعظم شہباز شریف تین روزہ دورے پرترکی پہنچ گئے

 انقرہ:وزیر اعظم شہباز شریف تین روزہ دورے پرترکی پہنچ گئے،انقرہ پہنچنے پروزیراعظم اوروفد کا شانداراستقبال کیا گیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، معاونین خصوصی طارق فاطمی اورفہد حسین بھی ہیں ۔

خیال رہے کہ  وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا ترکی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ترکی پہنچیں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم شہبازشریف کی ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے بالمشافہ ملاقات ہوگی جس کے بعد وفود کی سطح پربات چیت کا انعقاد ہوگا جس میں  پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لینے کے علاوہ دونوں رہنما علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں رہنما اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے مشترکہ خطاب بھی کریں گے۔ صدر اردوان وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، ترک سرمایہ کار پاکستان میں وسیع مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ترک نیوز ایجنسی کو انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان 22 کروڑ عوام کا ملک ہے جو ترک سرمایہ کاروں کیلئے اہم مارکیٹ ثابت ہو سکتی ہے۔ پاکستان اور ترکی باہمی مفادات کےتمام معاملات میں ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کےاصولی موقف کی حمایت پرترک قیادت کے مشکور ہیں۔ پاکستان اور ترکی کے تعلقات سیاسی تبدیلیوں سے بالاتر ہیں۔