نئی دہلی:بھارتی سپریم کورٹ کا ایک اور متعصبانہ فیصلہ، گجرات مسلم کش فسادات میں وزیراعظم مودی کو دی جانے والی کلین چٹ کی اب بھارتی سپریم کورٹ نے بھی تصدیق کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری کی درخواست خارج کردی ہے، درخواست میں اُس وقت کے وزیراعلیٰ نریندر مودی سمیت 59 لوگوں کواسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم کی طرف سے دی گئی کلین چٹ کو چیلنج کیا گیا تھا۔
کانگریس کے سابق رکن پارلیمان احسان جعفری بھی فسادات کے دوران مارے گئے تھے، ان کی بیوہ ذکیہ جعفری نے فسادات کے پیچھے بڑی سازش کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، عدالت نے ذکیہ جعفری کی درخواست کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا کہ یہ میرٹ پر نہیں۔
واضح رہے گجرات 2002 کے مسلم کش فسادات میں ہندو انتہاپسندوں کے حملوں میں ایک ہزار سے زائد مسلمان شہید ہوئے تھے، سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے دسمبر 2021 میں کیس میں فیصلہ محفوظ کیا تھا۔