امیدواروں کے نام اورانتخابی نشان غلط شائع ہونے کے معاملہ کی انکوائری کا حکم دیدیاگیا۔فائل فوٹو
امیدواروں کے نام اورانتخابی نشان غلط شائع ہونے کے معاملہ کی انکوائری کا حکم دیدیاگیا۔فائل فوٹو

بلدیاتی انتخابات۔فائرنگ،دنگا فساد ۔2افراد جاں بحق،50زخمی۔10اغوا

کراچی:سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن کے دوران  لڑائی جھگڑے کے واقعات میں 2افراد جاں بحق، 50 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ کندھ کوٹ میں جے یوآئی ف اور پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہو گیا، پولنگ عملے کے 10 اہلکاروں کواغوا کرلیا گیا۔

 کندھ کوٹ میں جے یو آئی ف اور پیپلزپارٹی کے کارکن آمنے سامنے آ گئے۔ ایک دوسرے کی ڈنڈوں کے ساتھ پٹائی کے نتیجے میں 30 کارکن زخمی جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسرے واقعے میں کندھ کوٹ کے ددر یوسی کے پولنگ اسٹیشن ٹوڑی بنگلو پرمسلح افراد نے دھاوا بول کر پولنگ عملے کے 10افراد کواغواکر لیا، مسلح افراد نے ووٹرزکو ہراساں کرنے کیلیے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ٹنڈوآدم کے وارڈ نمبر 13 میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا جس میں تحریک انصاف کے امیدوار ظفر خان گنڈا پور کا 45 سالہ بڑا بھائی قیصر خان گنڈا پور جاں بحق اور امیدوار خود زخمی ہوگیا۔ قتل کے بعد  وارڈ نمبر 13 میں پولنگ کا عمل روک دیا گیا۔پی ٹی آئی کے زخمی امیدوار ظفر خان نے کہا ہے کہ پی پی کارکنان کے تشدد سے بھائی جاں بحق ہوا۔

نوابشاہ میں بیلٹ پیپرز میں تحریک لبیک کا نشان غائب ہونے پر تحریک کے کارکنان آپے سے باہر ہو گئے، ہنگامہ آرائی کے باعث پولنگ روکنا پڑی، رینجرز اور پولیس نے صورتحال کو سنبھالا۔ تین پولنگ اسٹیشنزپرنامعلوم افراد کے حملے اورچند پرکشیدگی کے باعث الیکشن کمیشن کی جانب سے پولنگ کا عمل ملتوی کر دیا گیا۔

نوابشاہ میں پولنگ اسٹیشن 23، 24 اور 26 پر نامعلوم مسلح افراد حملہ کرتے ہوئے پولنگ کا سامان اور بیلٹ پیپرز چھین کر فرار ہوگئے۔ تینوں پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل بند کر دیا گیا تھا جبکہ پولیس و رینجرز کے اہلکار طلب کر لیے گئے۔

الیکشن کمیشن نے بنیظرآباد میں تین پولنگ اسٹیشنزپرالیکشن میٹریل چھینے جانے کے واقعہ پربھی فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرکو فوری کارروائی کی ہدایت کردی۔ الیکشن کمیشن نے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چند وارڈز میں بیلٹ پیپرزپرامیدواروں کے نام اورانتخابی نشان غلط شائع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جس کے باعث متعلقہ وارڈز پرپولنگ ملتوی کردی گئی۔

الیکشن کمیشن متعقلہ وارڈز میں دوبارہ الیکشن کے لیے نیا شیڈول جاری کرے گا، الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز پر امیدواروں کے نام اورانتخابی نشان غلط شائع ہونے کے معاملہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔

نوشہرو فیروزکے علاقے بھریا سٹی میں بیلٹ پیپر پر اُمیدوار کے اسٹیمپ لگانے پر تصادم ہوا، کارکنوں نے ایک دوسرے پر شدید تشدد کیا ،پولیس کی اضافی نفری نے صورتحال کو سنبھالا۔ ٹھل کی یوسی 28 پر پیپلزپارٹی اور جے یو آئی ف کے کارکنان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، سات افراد زخمی اور تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

کشمور میں گڈو کے وارڈ نمبر 10 کے پولنگ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے کارکنوں میں تصادم ہوا جبکہ خیرپورمیں پولنگ اسٹیشن گل محمدسومرومیں 2گروپوں میں جھگڑا ہو گیا جس کے نتیجے میں جھگڑےکےدوران 7افرادزخمی ہوگئے جبکہ پولنگ کا عمل روک دیاگیا،خیر پورمیں ہی آزاد اُمیدوارنے اچانک انتخابی نشان تبدیل کرنے پرکارکنوں کے ہمراہ ڈی آراواور پیپلزپارٹی کیخلاف احتجاج کیا۔

میرپورماتھیلو میں پولنگ اسٹیشن ولومہرمیں پیپلزپارٹی اورجی ڈی اےکارکنان کےدرمیان جھگڑاہوگیا،جھگڑےکےباعث پولنگ کاعمل روک دیاگیا۔

سکھر کے علاقے پنو عاقل میں دو پارٹیوں کے درمیان تصادم ہوا ہے جس پر الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پنو عاقل میں پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کرنے والے 13 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، الیکشن روکنے کی کوشش کو بروقت ناکام بنادیا گیا، کسی کو بھی پولنگ میں مداخلت کرنے نہیں دی جائے گی۔

مٹھی میں کلوئی تحصیل کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر تصادم، فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 4 افراد زخمی ہوگئے، رینجرز نے علاقے اور پولنگ اسٹیشنز پر گشت شروع کردیا۔ کلوئی کے پولنگ اسٹیشن بچو بھوت پر تصادم کے دوران ارباب عنایت پر حملے کی اطلاعات ملیں۔

کلوئی تحصیل کے پولنگ اسٹیشن بچو بھوت پر ہی پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں تصادم ہوا جس کے سبب آزاد امیدوار کے چار حامی زخمی ہوگئے جنہیں رورل ہیلتھ سینٹر کلوئی منتقل کردیا گیا۔ اسی طرح مٹھی کے پولنگ اسٹیشن ٹوبھاریو میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں دو افراد زخمی ہوگئے۔

چھاچھرو کی یونین کونسل سارنگیار کے پولنگ اسٹیشن گاؤں سارنگیار بہنیو میں تصادم ہوا ہے، سیاسی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے دھاندلی کی اطلاعات ہیں۔

کشمورکی  گڈو ٹاؤن کمیٹی کے وارڈ نمبر 10 میں پی پی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں جھگڑا ہوا جس کے بعد پولنگ روک دی گئی۔ پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔

سانگھڑ یونین کونسل نمبر 22 کوٹ نواب میں دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا جس میں انتخابی کیمپ اکھاڑ دیا گیا۔ تصادم کے دوران متعدد افراد زخمی ہوگئے جس کے باعث پولنگ اسٹیشن پر پولنگ بند کروادی گئی۔

روہڑی میں یونین کونسل پھنوار پولنگ اسٹیشن اللہ جڑیو جاگیرانی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا۔ دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو افراد زخمی ہوگئے جس پر پولنگ روک دی گئی۔ فائرنگ کے باعث پولنگ اسٹیشن میدان جنگ بن گیا، ووٹرز میں بھگدڑ مچ گئی، پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔ روہڑی میں اب تک ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

خان پور مہر کا پولنگ اسٹیشن ولو مہر میدان جنگ بن گیا، مردوں کے جھگڑے میں خواتین بھی کود پڑیں۔ جھگڑے میں درجنوں مرد اور خواتین شامل رہے۔ جھگڑا پیپلز پارٹی اور جی ڈی اے کے کارکنان کے درمیان ہوا۔ جی ڈی اے کے کارکنوں ںے پریذائیڈنگ آفیسر پر دھاندلی کا الزام عائد کیا۔