اودے پور:بھارت میں مبینہ طورپرگستاخانہ بیانات کے ردعمل میں ہندو درزی کا سر قلم کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست راجھستان کے شہر اودے پور میں ہندو درزی کنہیا لال کو قتل کردیا گیا۔ قتل کرنے والے دونوں افراد کوگرفتارکرلیا گیا۔
بھارتی ٹی وی رپورٹس میں کنہیا لال کا گلا کٹا ہوا زمین پر پڑا ہوا ویڈیو نشر ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق ملزمان کو واقعے کے چند گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا کیونکہ وہ موٹر سائیکلوں پر شہر سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہندو درزی کو گستاخانہ بیانات کے ردعمل میں قتل کیا گیا۔ دو افراد ہندو درزی کی دکان پرکپڑے سلوانے کے بہانے آئے اوراسے دکان سے باہرلے جا کرقتل کردیا۔ دونوں افراد کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔ حکام نے ہندو درزی کے قتل کو دہشتگردی کا واقعہ قراردے دیا۔
کنہیا لال کو منگل کے روز اس کی ٹیلرنگ شاپ کے اندر دو چاقو بازوں نے متعدد بار چاقو سے وار کیا جنہوں نے اس حملے کی فلم بھی بنائی۔ دونوں نے ویڈیو میں کنہیا لال پر توہین مذہب کا الزام لگایا۔ دونوں افراد نے بعد میں ایک اور ویڈیو میں اس قتل کی ذمے داری قبول کی اور مبینہ طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی اسی طرح قتل کرنے کی دھمکی دی۔
ہندو درزی کے قتل کے بعد مشتعل مظاہرین نے مسلمانوں کیخلاف جلوس نکالے۔ ان کے گھروں اوردکانوں پرحملے کیے اورآگ لگا دی۔ اودے پورمیں کرفیو نافذ کرکے موبائل اورانٹرنیٹ سروس بند کردی گئی ہے۔ عوامی اجتماعات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔