کراچی:چینی کمپنی کراچی میں 500 بسیں چلائے گی ۔اس حوالے سے وزیر اطلاعات وٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے چینی کمپنی کے وفد سے ملاقات کی ۔جس میں چینی کمپنی نے پیپلز بس سروس کی طرز پر کراچی میں بس سروس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی پیپلز بس سروس کی طرز پر کراچی میں بس سروس شروع کرے گی جس کیلئے 500 بسیں کراچی لائی جائیں گی۔
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ چائنیز کمپنی کو بسوں کی خریداری اور کراچی لانے کیلئے 4 ماہ کا وقت دیا ہے، چینی کمپنی 4 ماہ میں 500 بسیں کراچی لائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو، آصف زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ کی پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے پر توجہ ہے، سندھ کے عوام کو زیادہ سے زیادہ جدید پبلک ٹرانسپورٹ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔