کیف:یوکرین کی سرحد کے قریب واقع روسی شہر میں پُراسرار دھماکوں کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ درجنوں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق روسی شہر بیلگوروڈ میں اچانک خوفناک دھماکے شروع ہوگئے،جن سے متعدد رہائشی عمارتوں کو نقصان پہنچا، کئی گھروں میں آگ لگ گئی اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
گورنر بیلگوروڈ ریجن ویاچیسلوف گلادکوف کا کہنا ہے کہ شہر میں متعدد دھماکے ہوئے، 11 اپارٹمنٹس، عمارتوں اور39 گھروں کو نقصان پہنچا ہے جن میں سے 5 مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ ریسکیو ادارے کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے، متاثرہ گھروں کو خالی کرالیا گیا ہے۔ تاحال دھماکوں کی نوعیت اور وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔