مکہ مکرمہ: رواں سال غلاف کعبہ نو ذوالحج کے بجائے یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جائے گا۔ حرمین شریفین کے امورکے نگراں ادارے کے مطابق غلاف کعبہ یکم محرم الحرام کو تبدیل کیا جائے گا۔ ہر سال نو ذوالحج کو غلاف کعبہ تبدیل کیا جاتا ہے تاہم رواں سال عازمین حج کی بڑی تعداد کے پیش نظر غلاف کعبہ یکم محرم الحرام کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب حج سیکورٹی کے کمانڈر نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ حج کے دوران نظم وضبط کو یقینی بنانے اورکسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے مقامات مقدسہ میں سیکورٹی فورسزنے سیکورٹی حصارقائم کردیا ہے۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔