ڈاکوؤں کیخلاف شہری ایکشن میں آگئے،1 ہلاک، 3 پکڑ لئے

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف شہری ایکشن میں آ گئے، ایک ڈاکو ہلاک، 2 کو زخمی حالت میں پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا،ایک ڈکیت کو تشدد کا نشانہ بنا کرپولیس کے حوالے کر دیا، جمشید کوارٹر تھانے کی حدودو جمشید روڈ نمبرایک پٹرول پمپ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان مذکورہ مقام پر لوٹ مار کررہے تھے کہ ایک شہری نے ملزموں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک ملزم مارا گیا جبکہ اسکے ساتھی موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کو ملزم کے قبضےسے ایک موبائل فون ملا ہے جس کی معلومات لی جارہی ہیں کہ وہ مرنے والے شخص کا ہے یا کسی سے چھینا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی فوری شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس کے مطابق اطلاعات ملی ہیں کہ ملزمان لوٹ مار کر کے فرار ہورہے تھے اور شہری نے تعاقب کے بعد انہیں مارا ہے اس حوالے سے پولیس واقعے کی مزید جانچ کررہی ہے۔

سوک سینٹرواٹربورڈ کالونی کے قریب ملزمان راہگیروں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران پولیس موقع پرپہنچی تو پولیس کو دیکھ کر ملزمان نے فرارہونے کی کوشش کی اورفائرنگ کردی پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرارہونے میں کامیاب ہوگیا زخمی ملزم کامران عرف کامی کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا اور اس کے قبضے سے اسلحہ اوردیگر سامان برآمد کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کا نام عدیل معلوم ہوا ہے جس کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

 منگھوپیر تھانے کی حدود منگھوپیراجتماع گاہ کے قریب پولیس نے مقابلے کے بعد ایک ملزم 28 سالہ مزمل ولد سعید اللہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جبکہ اس کے ساتھی موقع سےفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ پیر آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن فیملی پارک کے قریب ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران لوگوں نے ایک ڈکیت کو پکڑ لیا جبکہ اسکا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔ پکڑے گئے ملزم عمران ولد گل رحمان کو لوگوں نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔ اطلاع ملنے پرپولیس موقع پر پہنچی اورملزم کواپنی تحویل میں لے کراسے اسپتال منتقل کردیا۔