اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔پیٹرول کی قیمت میں 18ر وپے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے کمی کی گئی۔
قوم سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ کبھی عوام سے غلط بیانی نہیں کروں گا، ہم نے دل پر پتھر رکھ کر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، اللہ کا کرم ہےکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں کم ہوئیں جس کے باعث آج ہمیں تیل کی قیمتوں میں کمی کا موقع ملا، تیل کی قیمتوں میں کمی کا ایک ایک پیسا عوام تک پہنچانے کی سعادت ملی ہے ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 18 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کررہے ہیں جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 40 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کررہے ہیں، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
ڈیزل کی نئی قیمت 40 روپے54 پیسےکمی کے بعد 236 روپےلیٹر ہوگئی ہے جب کہ پیٹرول کی نئی قیمت 18 روپے 50 پیسےکمی سے 230 روپے24 پیسےفی لیٹر ہوگئی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے جاتے جاتے تیل کی قیمتوں میں کمی کی جس کے لیے خزانے میں پیسے نہیں تھے، یہ کام اس لیے کیا گیا تاکہ ہماری حکومت مشکلات میں گر جائے، جب گیس کی قیمتیں دنیا میں کم ہوچکی تھی سابق حکومت نے گیس نہیں خریدی۔
قوم سے خطاب میں انہوں نے آئی ایم ایف سے معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے بھی شبانہ روز محنت کے بعد معاہدہ ہوچکا ہے، خدا کرے کے ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری معاہدہ ہو، خود انحصاری واحد راستہ ہے جو قوموں کو عزت اور وقار سے ہمکنار کرتا ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے کا سہرا وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ٹیم کو جاتاہے۔