گال ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا،میچ میں ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنالیے جبکہ اسے جیت کیلیے مزید 120 رنزدرکار ہیں،کل میچ کا پانچواں اورآخری روز ہے۔
سری لنکا نے چوتھے روز اننگز کا آغاز کیا تو محض 8 رنز کے اضافے کے بعد پربت جے سوریا کو نسیم شاہ نے بولڈ کردیا، یوں سری لنکا کی دوسری اننگز 337 رنز پر ختم ہوگئی، لنکن ٹائیگرز کی جانب سے دنیش چندیمل نے ناقابلِ شکست 94 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق 105 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ محمد رضوان 7 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں، اوپنر امام الحق 35 رنز بناکر نمایاں رہے، اظہرعلی دوسری اننگز میں بھی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے محض 6 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ کپتان بابراعظم نے 55 رنز اسکور کیے۔
لنکن ٹائیگرز کی جانب سے پربت جے سوریا نے 2 جبکہ رمیش مینڈس نے ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کو سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے مزید 120 رنز درکار ہیں جبکہ 7 وکٹیں باقی ہیں۔