پی ٹی آئی کے کچھ ایم پی ایز پرویزالٰہی کو ووٹ نہیں دیں گے۔راناثناء اللہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پرویزالٰہی میں وزیراعلیٰ بننے کی صلاحیتیں ہی نہیں ، ہم سیاسی رابطے سب سے کر رہے ہیں اورامکان ہے، پاکستان تحریک انصاف کے بہت سے ایم پی ایز پرویزالٰہی کو ووٹ نہیں دیں گے ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے آفتاب سلطان کو نیا چیئرمین نیب لگانے کی منظوری دے دی، امیدہے آفتاب سلطان نیب کو غیر جانبدار اور بہتر ادارہ بنائیں گے،آفتاب  سلطان کا نام ہر حوالے سے معتبر ہے ۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے چیف الیکشن کمشنرکے خلاف اخلاقیات سے گری باتیں کیں، تمام جماعتیں چیف  الیکشن کمشنر کے کردار سے مطمئن نہیں ،ضمنی الیکشن میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، ضمنی الیکشن میں الیکشن کمیشن کے کردار کو سراہا گیا،عمران خان نے دھمکی آمیز گفتگو کی،عمران خان کو معیاری گفتگو کا سلیقہ ہی نہیں ،عمران خان بے بنیاد الزامات لگانا بند کریں ۔

رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ سیاست میں خریدو فروخت کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ خیبرپختونخوا کے انتخابات میں لوگوں کا ووٹ خریدا گیا جس کے ثبوت موجود ہیں، سینیٹ الیکشن میں پیسے بانٹتے عمران خان پکڑے گئے ،اسے الزام اور دھمکیاں دینے کے علاوہ کوئی کام نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ‎عمران خان نے ارکان کی وفاداریاں خریدیں، جہاز بھر بھر کر ارکان کی خرید و فروخت کرتے پکڑے گئے، پیسے دیتے پکڑے خود پکڑے جائیں اورالزام دوسروں پر، الزام لگانے سے اور جھوٹ بولنے سے تمہارا سیاہ دھندہ نہیں چھْپ نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پرویزالٰہی کے نزدیک پنجاب اسمبلی کے معززارکان کے ایوان کی یہ عزت ہے کہ وہ کہتا ہے کہ عمران خان کے کہنے پر فوراً اسمبلی تحلیل کردوں گا، زندہ ضمیر والے لوگ سب سے بڑے ڈاکو پرویزالہی کو ووٹ نہیں ڈالیں گے۔