کولمبو: پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین آفریدی گھٹنے کی چوٹ کی وجہ سے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ اتوار کے روز شروع ہو رہا ہے۔
سری لنکا اور پاکستان کے درمیان گالے میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے میزبان ٹیم کو چار وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ اس میچ میں شاہین آفریدی نے پہلی اننگز میں چار وکٹیں لی تھیں۔ پاکستانی ٹیم کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ شاہین آفریدی اتوار کے روز سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
شاہین آفریدی اب تک 99 ٹیسٹ وکٹیں لے چکے ہیں اور امید کی جا رہی تھی کہ وہ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں سو کا ہندسہ عبور کر لیں گے، تاہم زخمی ہونے کی بنا پر اب وہ یہ ٹیسٹ نہیں کھیل سکیں گے۔
پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز فیلڈنگ کے دوران دنیش چندی مل کی ایک شاٹ پر باؤنڈری بچاتے ہوئے شاہین آفریدی گر گئے تھے۔ گو کہ اس طرح وہ کسی فریکچر کا شکار نہیں ہوئے تاہم بتایا گیا ہے کہ ان کا گھٹنا چھل جانے کے بعد سوج گیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی کی جگہ حارث رؤف یا فہیم اشرف میں سے کسی کو کھلایا جا سکتا ہے۔ سری لنکا کی جانب سے بھی مہیش تھکشانا کی جگہ لاکشیتھا مانا سنگھے کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ تھکشینا کا ہاتھ پہلے ٹیسٹ میچ میں زخمی ہو گیا تھا۔
میزبان ٹیم کی جانب سے پاتھم نسانکا کو آسٹریلیا سیریز میں کووِڈ انیس ٹیسٹ مثبت آنے پر واپس بلا لیا گیا تھا۔ سری لنکا کی جانب سے وکٹ کیپر نروشن ڈکویلا کے متبادل کا اعلان بھی نہیں کیا گیا، تاہم ٹیم کے ترجمان کے مطابق دنیش چندی مل وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔