راجستھان:جے پورانٹیلی جنس یونٹ نے پاکستان کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام ایک بھارتی فوجی کو گرفتارکرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتار فوجی اہلکار سوشل میڈیا کے ذریعے بھارتی فوج کی خفیہ معلومات اکٹھا کر رہا تھا اور پاکستانی خفیہ ایجنسی کی خواتین ایجنٹس کے لیے جاسوسی کر رہا تھا۔ پکڑے جانے والے فوجی اہلکار کا نام شانتی موئے رانا ہے۔ وہ مغربی بنگال کا رہنے والا ہے۔ اس نے مارچ 2018 میں ہندوستانی فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس کے بعد ان کی پوسٹنگ راجستھان میں ہو گئی۔
جے پور انٹیلی جنس یونٹ پولیس کے مطابق شانتی موئے رانا گزشتہ چند ماہ سے سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کی دو خواتین ایجنٹوں سے رابطے میں تھا۔ خود کو ملٹری انجینئرنگ سروس اور نرسنگ سروس میں بتا کرانہوں نے شانتی موئے رانا سے دوستی کی تھی۔ ان ایجنٹوں نے اپنے نام گرنور کورعرف انکیتا اور نشا بتائے تھے۔