پیانگ یانک: شمالی کوریا کی جانب سے امریکا یا جنوبی کوریا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ فوجی تنازع کی صورت میں جوہری ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن نے سابق فوجیوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین ہم پر جزیرہ نما کوریا کو جنگ کے دہانے پر پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہیں، تاہم امریکا اور جنوبی کوریا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ فوجی تنازع کی صورت میں ہم جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے لیے تیار ہیں۔
1950-53 کی کوریائی جنگ کے خاتمے کی 69 ویں سال گرہ کی تقریب میں شریک سابق فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کم جونگ اُن کا کہنا تھا کہ ہماری فوجیں کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت چوکنا ہیں اور ہم اپنے جوہری ڈیٹرنٹ کو تیز رفتاری کے ساتھ اپنے مشن کے مطابق متحرک کر سکتے ہیں۔