پیکنگ : تائیوان کے معاملے پر امریکی اور چینی رہنماؤں کے مابین دو گھنٹے تک جاری رہنے والی کال کے دوران ایک دوسرے کو خبردار کیا ہے۔ چین نے تائیوان کے مسئلے پرامریکا کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ آگ سے کھیلنے والے جل جائیں گے۔
عالمی میڈیا کے مطابق چینی صدرشی جن پنگ نے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے ٹیلی فونک گفتگو میں تائیوان کے حوالے سے کہا کہ امریکا ون چائنا پالیسی کا احترام کرے۔ آگ سے کھیلنے والے جل جائیں گے۔ تائیوان کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔
شی جن پنگ نے مزید کہا کہ تائیوان کے معاملے پر چینی حکومت اور عوام کا مؤقف یکساں اور پائیدار ہے، چین کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مضبوطی سے تحفظ کرنا ایک ارب 40 کروڑ سے زیادہ چینی عوام کا مضبوط عزم ہے۔
چینی اور امریکی صدور کے درمیان دو گھنٹے سے زائد دورانیے کی کال میں امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے چینی ہم کو بتایا کہ امریکا تائیوان کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔امریکا کی تائیوان کے بارے میں پالیسی تبدیل نہیں ہوئی ہے۔