تحریک لبیک نے کارکنوں کو فیض آباد پہنچنے کی کال دیدی

راولپنڈی:تحریک لبیک پاکستان نے کارکنوں کو 13 اگست کو فیض آباد پہنچنے کی کال دیدی۔

سیکریٹری اطلاعات ٹی ایل پی محمد امجد رضوی کا کہنا ہے کہ ایک ماہ قبل پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مانگی گئی تھی ،اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔ رانا ثنااللہ سے پوچھنا چاہتے ہیں کیا ہم بھارت سے آئے ہیں؟ ہماری جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے،عمران خان کو پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت ہے تو ہمیں کیوں نہیں؟۔

محمد امجد رضوی نے کہا کہ نظریہ پاکستان مارچ اور کانفرنس کے لیے کارکنوں کو 13 اگست کو فیض آباد پہنچے کی کال دی جا چکی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ نظریہ پاکستان کانفرنس میں سربراہ تحریک لبیک پاکستان علامہ سعد رضوی کا بھرپور طریقے سے استقبال کریں گے ، ہمارے پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔