پروان: افغان صوبے پروان میں شدید بارشوں نے سیلابی صورتحال پیدا کردی۔ مختلف حادثات میں 32افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، مرنے والوں میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق لینڈسلائیڈنگ اور سیلابی ریلے کی زد میں آکر سینکڑوں مکانات بھی تباہ ہو گئے ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ کئی افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے، صوبے پروان کے دو اضلاع شنواری اور سیاہ گرد سیلاب سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
سیلاب کی وجہ سے آمدو رفت کا سلسلہ بھی متاثر ہوا ہے، کسانوں کی ہزاروں ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں، یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سے جاری سیلابی صورتحال سے اب تک 120افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔