روٹرڈیم: پاکستان نے نیدر لینڈز کو دوسرے ون ڈے میچ میں 7 وکٹ سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں دو، صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔روٹرڈیم میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔187 رنز کا ہدف قومی ٹیم نے بآسانی 3 وکٹ کے نقصان پر 33 اعشاریہ 4 اوورز میں 191 رنز بناکر حاصل کرلیا، وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سب سے زیادہ 69 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان بابر اعظم 57 سکور بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے، آغا سلمان 50 رنز بناکر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
شکست خوردہ ٹیم کی جانب سے ویویان کنگما نے 2 اور آریان دت نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم 44 اعشاریہ 1 اوورز میں صرف 186 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، باس ڈی لی ڈی نے سب سے زیادہ 89 رنز کی اننگز کھیلی، ٹام کوپر 66 سکور بناکر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔
حارث رؤف اور محمد نواز نے 3،3 جبکہ نسیم شاہ نے 2، محمد وسیم اور شاداب خان نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے نیدر لینڈز کے خلاف ناٹ آؤٹ 69 رنز بناکر اپنے ون ڈے کیریئر میں 1 ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کیا۔