منگیترکے امتحان میں فیل ہونے پرلڑکے نے اسکول کو آگ لگا دی

قاہرہ: امتحان میں ناکامی پررد عمل توآتا ہی ہے مگر جورد عمل مصرمیں ایک لڑکی کے منگیتر کی طرف سے دیکھا گیا وہ حیران کن ہے۔ منگیترکے امتحان میں فیل ہونے پرلڑکے نے اسکول کو آگ لگا دی۔

مقامی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی حکام نے ملزم نوجوان کو گرفتارکرلیا۔ ملزم السبع کے نواحے علاقے ابو مشہورکا رہائشی ہے۔

عجیب وغریب واقعے کا آغاز اس وقت ہوا جب الغربیہ سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کو السنطہ پولیس اسٹیشن سے ایک اطلاع موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا کہ کفر سالم النحال اسکول برائے تجارتی تعلیم میں آگ لگ گئی ہے۔

آگ لگنے سے اسکول کے منتظمین اور پرنسپل کے کمروں میں آگ لگ گئی اور کنٹرول روم میں موجود تمام طلبہ کی فائلوں کو نقصان پہنچا۔

اطلاع ملنے پر پولیس، شہری دفاع اور مقامی شہریوں کی مدد سے آگ پرقابو پالیا۔ آتش زدگی سے اسکول کو زیادہ نقصان نہیں پہنچا۔

معلوم ہوا کہ ملزم نے کفر سالم النحال اسکول فار کمرشل ایجوکیشن کی ایک طالبہ سے منگنی کی تھی اوروہ اسکول میں فیل ہو گئی تھی۔ ملزم نے اپنی منگیترکی ناکامی کا بدلہ لینے کے لیے اسکول کو آگ لگائی۔