کراچی: شہر قائد کی ٹریفک پولیس نے اعلیٰ حکام کو قوانین کی خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں کے حوالے سے نئی سفارشات پیش کر دی ہیں۔
کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے اعلیٰ حکام کو بھیجی جانے والی سفارشات کے تحت موٹرسائیکل سواروں کی جانب سے کی جانے والی ون وے کی خلاف ورزی پر جرمانہ دو ہزار روپے اور کار سواروں پر تین ہزار روپے کیا جائے۔
اسی طرح اعلیٰ حکام کو بھیجی جانے والی تجویز کے تحت اگر ون وے کی خلاف ورزی ہیوی ٹریفک کی جانب سے کی جائے تو جرمانہ پانچ ہزار روپے وصول کیا جائے۔
کراچی ٹریفک پولیس نے تجویز پیش کی ہے کہ اوور اسپیڈ پرموٹر سائیکل سوار سے 700 روپے اور کار سوار سے ایک ہزار روپے جرمانہ وصول کیا جائے جب کہ اوورٹیکنگ پرموٹرسائیکل سواروں سے 500 روپے اور کار سواروں سے ایک ہزار روپے بطور جرمانہ وصول کیے جائیں۔
ہم نیوز کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے یہ سفارش بھی کی گئی ہے کہ بنا لائسنس موٹر سائیکل چلانے والوں سے ایک ہزار روپے، بنا ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں سے 500 روپے، سگنل توڑنے پر موٹر سائیکل سوار سے 500 روپے اور کار سوار سے ایک ہزار روپے جرمانے کے طور پر وصول کیے جائیں۔
کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے اعلیٰ حکام کو بھیجی جانے والی سفارش میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ کم عمر کار ڈرائیور سے ایک ہزار روپے، کم عمر موٹر سائیکل سوار سے 600 روپے اور بنا لائسنس کار چلانے پر 1500 روپے جرمانے کے طور پر وصول کیے جائیں۔