نئی دہلی: بھارتی ریاست آسام میں مودی سرکارنے القاعدہ سے روابط رکھنے کا بے بنیاد الزام عائد کرکے ایک اور مدرسے کو شہید کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست آسام مودی سرکارنے القاعدہ سے روابط رکھنے الزام میں گزشتہ ہفتے 3 مدرسوں کو بلڈوز کرنے کے بعد آج مرکز المعارف قرآنیہ نامی مدرسے کو شہید کردیا۔ مدرسے میں تعلیم حاصل کرنے والے تقریباً 200 طلباء کو ان کے گھروں کو واپس بھیج دیا گیا یا دیگر قریبی اداروں میں منتقل کر دیا گیا۔
مدرسے کے انہدام سے قبل پولیس نے بنگلا دیش کے ایک شدت پسند گروپ سے تعلق رکھنے کے الزام میں اسی مدرسے سے 5 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ خطرہ بھانپتے ہوئے مدرسہ انتظامیہ نے پہلے ہی مدرسے سے سامان منتقل کردیا تھا۔