کابل : افغانستان کے دارالحکومت میں تربیتی مشق کے دوران امریکی ساختہ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کابل میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کیمپس میں طالبان اہلکاروں نے امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر میں تربیتی پرواز کے لیے اڑان بھری تھی تاہم تھوڑی ہی دیر بعد ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔
طالبان حکومت کی وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تربیتی پرواز پر مامور ہیلی کاپٹر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کیمپس کے اندر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا۔
طالبان حکومت کی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حادثے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔ حادثے کے بعد علاقے کو طالبان اہلکاروں نے گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔