عمران خان کی عدالت پیشی تک گرفتاری سے روک دیا گیا ۔فائل فوٹو
عمران خان کی عدالت پیشی تک گرفتاری سے روک دیا گیا ۔فائل فوٹو

دہشتگردی کا مقدمہ۔ عمران خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش،20 منٹ تفتیش

اسلام آباد: خاتون جج اور پولیس افسران کو دھمکیاں دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان اپنے خلاف دہشت گردی کے مقدمے میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگئے۔

پولیس ٹیم کی جانب سے سابق وزیراعظم کو تحریری طور پر 21 سوالات پر مشتمل سوالنامہ دیا گیا جب کہ پولیس کی جانب سے کچھ سوالات زبانی بھی کیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان سے تفتیشی ٹیم نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں تقریباً 20 منٹ تک تفتیش کی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نے اپنے وکیل کے ذریعے پہلے ہی سے جمع بیان دوبارہ دے دیا۔ عمران خان  نے بیان میں کہا کہ شہباز گل پر تشدد کے حوالے سے اپنی تقریر میں کوئی دہشت گردی نہیں کی۔ ایف نائن پارک میں جو تقریر کی، وہ دہشت گردی کے زمرے میں نہیں آتی ۔ اپنی تقریر میں قانونی ایکشن لینے کی بات کی، کوئی دھمکی نہیں دی۔

عمران خان نے تحریری بیان جے آئی ٹی کے سربراہ ایس پی تفتیشی ونگ رخسار مہدی کے حوالے کیا۔  بیان میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا کہ میرے خلاف امپورٹڈ حکومت کے دباؤ پر پولیس نے دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا۔

عمران خان سے سوال کیا گیا کہ آپ نے تحکمانہ انداز میں پولیس افسران اور ماتحت عدلیہ کی جج صاحبہ کو دھمکا کر خوف و ہراس کی فضا پیدا کی؟، جس پر سابق وزیراعظم نے جواب دیا کہ ایسی کوئی بات نہیں، میں اس پورے مقدمے کو انتقامی کارروائی اور جھوٹا سمجھتا ہوں ۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کی ہدایت پرجے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔اسلام آباد پولیس نے عمران خان کو دو بار نوٹس بھیجا تھا اسلام آباد ہائیکورٹ نے بھی شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا تھا۔اس موقع پرایس ایس پی انویسٹیگیشن آفس کے باہر سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے تھے۔

واضع رہے عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے۔