لاہور : پاکستان سے تعلق رکھنے والے سابق آئی سی سی امپائر اور فرسٹ کلاس کرکٹر اسد رؤف انتقال کرگئے، ان کی عمر 66 برس تھی ۔
سابق امپائر اسد رؤف کے خاندانی ذرائع کے مطابق ان کا انتقال حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث ہوا ۔
اسد رؤف آئی سی سی کے ٹاپ امپائر رہے ۔ انہوں نے 64 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کی جن میں سے 15 میچز میں بطور ٹی وی امپائر خدمات انجام دیں۔
انہوں نے 139 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں امپائرنگ کی ۔ اسد رؤف 2004 اور 2005 میں ایک اہم امپائر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے جس پر آئی سی سی نے انہیں 2006 میں اپنے ایلیٹ پینل میں شامل کیا۔
اسد رؤف 2006 سے 2013 تک آئی سی سی ایلیٹ امپائر پینل کے ممبر رہے ۔ انہوں نے 11 ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی سپروائز کئے۔
انہوں نے گزشتہ سال اپنے پہلے ٹیسٹ میچ میں امپائرنگ کی تھی جبکہ ون ڈے پینل پر وہ 2004 سے تھے۔
وہ کرکٹ کی دنیا کی اہم شخصیت تھے جنہوں نے نیوٹرل امپائرز سے قبل علیم ڈار کے ساتھ مل کر پاکستان کے امپائرز کی ساکھ بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اسد رؤف امپائر بننے سے قبل پاکستان کے فرسٹ کلاس کرکٹر بھی رہے وہ مڈل آرڈر بلے باز تھے، وہ نیشنل بینک اور ریلوے کی طرف سے کھیلتے رہے ہیں ۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مرحوم کی نمازِ جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔