بارش سے نیشنل اسٹیڈیم کے تعمیرنو کی قلعی کھل گئی ، چھتیں برباد

کراچی: نشینل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش میں مبینہ نااہلی اورغفلت نے کئی سوالات کھڑے کردیئے،انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے قبل ہی نیشنل اسٹیڈیم میں سیوریج کا گندہ پانی داخل ہونے سےدریا کا منظر پیش کرنے لگا ہے۔ 

پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کے لیے انگلینڈ کی ٹیم  آج کراچی پہنچ رہی ہے،پاکستان اورانگلینڈ کی کرکٹ ٹیمیں جمعے کی شام  نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گی۔

گزشتہ شب اسٹیڈیم روڈ پرپائپ لائن پھٹنے سے پانی کا تیز ریلا نیشنل اسٹیڈیم میں داخل ہوگیا، زیریں سطح ہونے کے سبب پانی تیزی سے نیشنل اسٹیڈیم میں جمع ہو رہا ہے۔

بارش کے سبب نئی چھتیں برباد ہوگئیں اور وی آئی پی باکسز کی چھتیں ٹپکنے لگیں۔ تعمیر نو کے   6 ماہ بعد ہی وی آئی پی باکسز ناکارہ ہوگئے، بیشتر وی آئی پی باکسزمیں بارش کا پانی داخل  ہوگیا، وی آئی پی باکسز کی فارسیلنگ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی جبکہ کئی جگہوں سے چھت ہی اکھڑگی،30   وی آئی پی باکسز کی پی سی ایل 4 کے موقع پر تعمیر نو  کی  گئی  تھی۔

واضح  رہے کہ نشینل اسٹیڈیم کی تزئین آرائش کے منصوبے پر ڈیڑھ ارب روپے سے زائد رقم خرچ  کی جا چکی ہے  جبکہ اس حوالے سے ابھی تک  بہت کام باقی بھی  ہے جس میں سیوریج کے نظام کی  بہتری سرفہرست ہے۔