اسلام آباد : پیمرا نے ہدایات کے مطابق مؤثر تاخیری نظام پر عمل درآمد نہ کرنے پر اے آر وائی نیوز اور بول نیوز کی نشریات تین روز کے لیے معطل کردیں۔
پیمرا نے 5 ستمبرکو تمام ٹی وی چینلز کو ہدایات جاری کی تھیں کہ ریاستی اداروں کے خلاف کوئی مواد نشر کرنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور واضح کیا تھا کہ اس حوالے سے مشکلات سے بچنے کے لیے مؤثر تاخیری نظام کار پرعمل کیا جائے۔
پیمرا نے تازہ اعلامیے میں کہا کہ اتھارٹی کی جانب سے دو نیوز چینلز بول اور اے آر وائی کی نشریات تین یوم کے لیے معطل کرنے کے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں کیونکہ دونوں چینلز بغیر کسی مؤثر تاخیری نظام کے نشریات جاری رکھے ہوئے تھے۔
مذکورہ دونوں چینلز کے بارے میں مزید بتایا گیا کہ دونوں چینلز مسلسل پیمرا قوانین اوراحکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اوراس خلاف ورزی پر چینلز کو اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کرتے ہوئے ان چینلز کے چیف ایگزیکٹیو افسران کو ذاتی شنوائی کے لیے بلایا گیا تاہم وہ اتھارٹی کے سامنے پیش ہونے سے قاصر رہے اور محض تحریری جواب جمع کرایا۔