کارکنان کی تدفین پر متحدہ رہنمائوں کا گھیرائو کیا گیا۔فائل فوٹو
کارکنان کی تدفین پر متحدہ رہنمائوں کا گھیرائو کیا گیا۔فائل فوٹو

متحدہ رہنما عامر خان کو جوتا پڑ گیا

کراچی : متحدہ کارکنان کی تدفین کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی جبکہ سینئرڈپٹی کنوینرعامر خان کو جوتا پڑ گیا۔ لاپتہ ہونے والے شاہ فیصل کالونی سیکٹرکے کارکن وسیم راجو کی لاش میر پورخاص جبکہ لیاری سیکٹرکے کارکن عابد عباسی کی لاش نوابشاہ سے ملی تھی۔

شاہ فیصل کالونی میں وسیم راجو کی تدفین کے موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کی اعلیٰ قیادت شرکت کے لئے پہنچی تو وسیم راجو کے رشتے داروں اور علاقہ مکینوں نے ایم کیو ایم پاکستا ن کے خلاف نعرے بازی کی ا ور انہیں نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت بھی نہیں دی جارہی تھی۔ اس دوران ایک نامعلوم شخص نے عامر خان کو جوتا مار دیا اور ہاتھا پائی کی کوشش کی جس پرعامر خان نے اس شخص پر موبائل دے مارا۔ اس دوران عامر خان کا کرتا بھی پھٹ گیا۔

واقعے کے بعد عامر خان سمیت ایم کیو ایم پاکستان کے دیگر عہدیداران واپس چلے گئے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے ایک کارکن نے نعرے لگانے اور ہاتھا پائی کرنے والے شخص کی ویڈیو بنالی ، ویڈیو بنانے والے شخص کو بھی مشتعل افراد نے پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ رش کافائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا ۔

دوسری جانب عابد عباسی کی نماز جنازہ نشترروڈ پر ادا کی گئی اور تدفین لیاقت آباد سی ون ایریا قبرستان میں ہوئی ، عابد عباسی کی نماز جنازہ میں وسیم اختر، کامران ٹیسوری ،فیصل سبزواری و دیگر رہنماوں نے شرکت کی تھی یہاں بھی انکے خلاف نعرے بازی کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روزپی آئی کالونی سیکٹر کے کارکن عرفان بصارت عرف جو نیئر فاروق ستار کی تدفین یاسین آباد قبرستان میں کی گئی اس ے شہدا قبرستان میں سپردخاک نہیں کیا گیا اس موقع پر بھی عرفان بصارت کے اہل خانہ اور رشتے داروں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ لیاری گینگ وارعزیر بلوچ گروپ کے کارندے سہیل عرف سمیع کی لاش عمرکوٹ سے ملی تھی ، پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ چاروں افراد مسنگ پرسن تھے۔ انکے مقدمات زیر سماعت ہیں ۔ دریں اثنا نجی ٹی وی کے مطابق شاہ فیصل کالونی میں عامر خان ایم کیو ایم کے کارکن وسیم راجو کی نمازہ جنازہ پڑھنے پہنچے تو جنازے کے شرکاء نے ان سمیت دیگر رہنماؤں کو گھیر لیا۔کارکنان نے ایم کیو ایم رہنماؤں پر شدید تنقید کی۔ اس دوران سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ۔

مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ کارکنان مارے جارہے ہیں اور آپ حکومت کے مزے لے رہے ہیں۔ عامر خان نماز جنازہ ادا کیے بغیر روانہ ہوگئے۔