لندن: ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد ان کی شاہی وراثت نئے بادشاہ چارلس سوم کو منتقل کر دی گئی ہے، ملکہ الزبتھ دوم برطانیہ کی امیر ترین خواتین میں سے ایک تھیں، زیورات ، محلات اور جائیدادیں شاہ سوم کو منتقل کر دی گئی ہیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق برطانیہ کی امیر ترین خواتین میں شامل ملکہ الزبتھ کو محلات، شاہی تاج کے زیورات اور جائیدادیں وراثت میں ملی تھیں، وہ کئی منفرد اور غیر متوقع چیزوں کی بھی مالک تھیں اوراب ان کی وفات کے بعد یہ تمام اشیا نئے بادشاہ چارلس سوم کو منتقل کر دی گئی ہیں۔
انمول کوہ نورہ ہیرا جڑا شاہی تاج، بیش قیمت زیورات ، ہیرے جڑی تلواریں، ہار، دیدہ زیب، دلکش رنگوں سےمزین ہیٹ، مہنگے ترین ملبوسات، مختلف برانڈز کے لگژری ہینڈ بیگز، کوئن وکٹوریا کا شادی کا لباس، لندن کے دریائے ٹیمز کے کنارے راج ہنس، ساحل تک پائی جانے والی سب ڈولفنز، متعدد جزیرے، لاکھوں ایکڑ پرپھیلے پارکس، جنگلات اورمحلات، سب شاہ چارلس سوم کے ہوگئے۔
ملکہ کے 30 سے زائد کورگی نسل کے کتے ، شاہی اصطبل میں اعلی نسل کے گھوڑے، سرکاری مصروفیات کے لیے ملکہ کی بگھیاں، بینٹلے، جیگوار اور لینڈ روور کی تیار کردہ لگژری گاڑیاں بھی بادشاہ چارلس کے حصے میں آگئیں۔
ملکہ کی ذاتی دولت کا تخمینہ 370 ملین پانڈز لگایا گیا ہے، اس کا زیادہ تر حصہ جائیداد، زیورات، ڈاک ٹکٹ اور آرٹ ورک سے حاصل ہوا، یہ سب اب ان کے بیٹے شاہ چارلس سوم کو ملے گا۔