وزیراعظم کی جان کیری سے ملاقات، امریکی امداد پر اظہار تشکر

واشنگٹن : امریکی صدارتی ایلچی جان کیری نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ، وزیر اعظم نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے تناظر میں فوری طور پرامریکی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آج نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر امریکی صدارتی ایلچی برائے موسمیاتی تبدیلی جناب جان کیری نے ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے اور اس بحران کے حل کے لیےجناب جان کیری کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بائیڈن انتظامیہ کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے تناظر میں فوری طور پر امریکی امداد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تعمیر نو اور بحالی کے مرحلے کے دوران بین الاقوامی برادری کے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ ڈالا ہے۔ اس کے باوجود یہ موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ دس ممالک میں شامل ہے .وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ سیلاب سے 1400 سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے ، 33 ملین لوگ موسمیاتی پناہ گزینوں کے طور پر بے گھر ہوئے، جن میں سے چھ لاکھ سے زیادہ حاملہ خواتین تھیں۔ چالیس لاکھ ایکڑ فصل تباہ ہوئی،پاکستان کو ایک بے مثال قدرتی آفت کا سامنا تھا۔

خصوصی ایلچی جناب جان کیری نے پاکستانی عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور سیلاب کی وجہ سے درپیش چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے امریکی انتظامیہ کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ انفراسٹرکچر کی تعمیر نو میں تعاون کے ساتھ ساتھ دیگر اقسام کی مدد کے لیے تیار ہے جو مستقبل میں اس طرح کے بحران کو ٹالنے میں مدد دے گا۔ دونوں فریقوں نے موسمیاتی تبدیلی اور توانائی کے حوالے سے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔