اوٹاوا: کینیڈا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں سمندری طوفان ’فیونا‘ نے تباہی مچا دی۔ عالمی میڈیا کے مطابق طوفان کے باعث کینیڈا کے صوبے نیو فاؤنڈ لینڈ میں متعدد مکانات تباہ ہوگئے اور تیز ہوائوں سے درخت اکھڑ گئے ۔
طوفان سے دیگر صوبوں نووا اسکوشیا، پرنس ایڈورڈ آئی لینڈ اور نیو فاؤنڈ لینڈ کے ساحلی علاقے شدید متاثر ہوئے۔
طوفانی ہواؤں سے مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں ، بجلی کے کھمبے گر گئے، لاکھوں لوگ بجلی سے محروم ہوگئے، مکانات اور گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں۔
طوفان کے سبب ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا پڑا، نیو فاؤنڈ لینڈ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں فوج کو طلب کرلیا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔
دوسری جانب کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے طوفان سے ہونے والے نقصانات کے بعد اپنا جاپان کا دورہ منسوخ کردیا۔ جسٹن ٹروڈو کو سابق جاپانی وزیراعظم شنزو ایبے کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جاپان جانا تھا۔