روسی صدر پیوٹن نے امریکی خفیہ ادارے نیشنل سیکورٹی ایجنسی (این ایس اے) کے راز دنیا کے سامنے افشا کرنے والے سابق کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن کو روس کی شہریت دے دی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق صدر پیوٹن نے اسنوڈن کو روس کی شہریت دینے کے کاغذات پر دستخط کردیے ہیں۔خیال رہےکہ ایڈورڈ اسنوڈن امریکی خفیہ ادارے نیشنل سیکورٹی ایجنسی میں ٹیکنیکل اسسٹنٹ تھے، اس سے قبل وہ سی آئی اے میں بھی کام کرچکے تھے
، وہ 2013 میں امریکی حکومت کی جانب سے دنیا بھر میں فون اور انٹرنیٹ کے ذریعے نگرانی کے پروگرام کی معلومات دنیا کے سامنے لائے تھے جس نے دنیا بھر میں تہلکہ مچادیا تھا اور امریکی حکومت کو کافی تنقید اور خفت کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔امریکی خفیہ ادارےکے اہم راز افشا کرنےکے بعد اسنوڈن نے امریکا چھوڑ دیا تھا اور روس میں پناہ حاصل کرلی تھی، اب 9 سال بعد انہیں روس کی شہریت دے دی گئی ہے۔ 39 سالہ اسنوڈن امریکی حکومت کو 9 سال سے مطلوب ہیں ،
امریکا میں ان کے خلاف غداری کے الزامات میں مقدمہ درج ہے۔2020 میں روس نے اسنوڈن کو مستقل رہائش کا اجازت نامہ دے دیا تھا جس نے ان پر روسی شہریت کے حصول کا درواز ہ کھول دیا تھا۔روسی صدر اور روس کی خفیہ ایجنسی کے جی بی کے سابق افسر پیوٹن نے 2017 میں ایک بیان میں کہا تھا کہ اسنوڈن نے امریکی خفیہ راز افشا کرکے غلط کیا تاہم انہوں نے غداری نہیں کی۔