واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان کے سیلاب زدگان کیلئے مزید دس ملین ڈالر امداد کا اعلان کر دیا ہے.واشنگٹن میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مشترکہ کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کیلئے انتہائی مشکل لمحہ ہے۔ پاکستان میں آئے سیلاب سے جلدی نہ نمٹا گیا تو اس کے طویل اثرات ہوں گے۔
انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ مشکل لمحے میں ہم پاکستانیوں کے ساتھ ہیں، سیلاب متاثرین کیلئے 17 طیاروں میں امداد بھجوائی جا چکی ہے ۔ امریکا 55کروڑ ڈالر کی امداد پہلے ہی فراہم کر چکا ہے۔ فوڈ سیکیورٹی پروگرام کے لئے مزید 10 ملین ڈالر دیے جائیں گے۔
انٹونی بلنکن نے کہا پاکستان کا ایک تہائی رقبہ اس وقت سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے۔ پاکستان اور امریکا کے درمیان عوامی سطی پر رابطے مزید مضبوط ہونگے۔ افغانستان کی ترقی کیلئے پاکستان اور امریکا کا مشترکہ ایجنڈا ہے۔